عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور ترجمان تنویر صادق نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جموں و کشمیر کو بہت جلد ریاستی حیثیت واپس ملے گی۔
تنویر صادق نے اس امید کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت آنے والے چند مہینوں میں اس مسئلے کو حل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈبل انجن سرکار انتظامی چیلنجز پیدا کر رہی ہے اور اسمبلی انتخابات میں عوام کی جانب سے دیئے گئے بڑے مینڈیٹ کا احترام کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی موجودہ صورتحال جموں و کشمیر میں بنی ہوئی ہے، اس کی ذمہ دار پی ڈی پی ہے، اور انہیں ہمیں سکھانے کی ضرورت نہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے، ہم خود جانتے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا، ہم ان تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے جن کا نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 10 سالوں سے بی جے پی کی حکومت ہے، پھر بھی وہ شراب پر پابندی جیسے بل کیوں نہیں لا سکے؟
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی آپس میں ایک ہیں اور وہ صرف اسمبلی کی صحیح کارکردگی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔