عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے ڈوڈہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملوثین کے خلاف سخت کاروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ڈوڈہ ضلع میں ہمارے فوجی جوانوں اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں پر بزدلانہ حملے کے بارے میں جان کر میں بہت دکھی ہوں۔ ان بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین جنہوں نے ہماری قوم کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ سوگوار خاندانوں کے ارکان سے میری گہری تعزیت”۔
اُنہوں نے مزید کہا، “ہم اپنے فوجیوں کی موت کا بدلہ لیں گے اور ملی ٹینٹوں اور ان کے ساتھیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں متحد ہوں اور ہمیں درست معلومات فراہم کریں تاکہ ہم ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر سکیں اور ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کر سکیں”۔
بتادیں کہ ڈوڈہ ضلع کے دیسہ جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹی کے درمیان ایک جھڑپ میں افسر سمیت کم از کم 4 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایس او جی اہلکار سمیت 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
علاقے میں بڑا سرچ آپریشن جاری ہے۔