سرینگر/ ماہرینِ موسمیات نے منگل کے روز پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 60 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش ہوگی۔
آزاد ماہرِ موسمیات فیضان عارف نے کہا کہ “جموں خطے کے بعض حصوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش ہوسکتی ہے، تاہم درمیان میں وقفے بھی رہیں گے۔”
انہوں نے کہا، “ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور بعض مقامات پر یہ سیلابی خطرے کی حد کو بھی پار کرسکتا ہے۔”
فیضان عارف نے مزید بتایا کہ وادیٔ کشمیر میں بھی بارش ہوگی تاہم اس کی شدت جموں کے مقابلے میں کم رہے گی۔ “پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے اور کولگام، شوپیاں و اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری بارش ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ دریائے جہلم کی سطح میں بھی اس دوران واضح اضافہ ہونے کا امکان ہے۔”
ماہرِ موسمیات کے مطابق، “کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے، فلیش فلڈ اور کلاؤڈ برسٹ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ ندی نالوں کے علاوہ پہاڑی دروں پر بھاری پتھر گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں۔”
رہائشیوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور آئندہ دنوں میں بارش کے اس شدید سلسلے کے دوران تمام ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔