عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بھارت کی خارجہ پالیسی تبا ہ ہوگئی ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس کی وضاحت کریں کہ ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ کیوں ہائفن کیا گیا ہے اور کس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دو جنوبی ایشیائی پڑوسیوں کے درمیان ثالثی کرنے کے لئے کہا ہے۔
حزب اختلاف لیڈر اور کانگریس کے سنیئر رہنما راہول گاندھی نے ایک پوسٹ کو ٹیگ کیا جس میں جے شنکر کا ایک ویڈیو کلپ تھا جس میں پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بارے میں سوالات کا جواب دیا گیا تھا۔
انہوں نے پوسٹ میں لکھا ’’ کیا جے شنکر وضاحت کرے گا: ہندوستان کو پاکستان کے ساتھ کیوں ملایا گیا ہے؟ کیوں کسی ایک ملک نے پاکستان کی مذمت کرنے میں ہمارا ساتھ نہیں دیا؟ ٹرمپ کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ’ثالثی ‘کرنے کو کس نے کہا؟۔ ‘‘
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ’’ہندوستان کی خارجہ پالیسی منہدم ہوگئی ہے‘‘۔گاندھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی پر ہندوستان کے وقار کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا الزام لگایا تھا اور ان سے پوچھا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف فوجی دشمنی کو روکنے پر رضامندی سے ملک کے مفادات کو کیوں قربان کیا۔
انہوںنے کہا ’’ مودی جی، کھوکھلی تقریریں کرنا بند کریں۔ ذرا بتائیں: آپ نے دہشت گردی پر پاکستان کے بیان پر کیوں یقین کیا؟ ٹرمپ کے سامنے جھک کر آپ نے ہندوستان کے مفادات کو کیوں قربان کیا؟ آپ کا خون صرف کیمروں کے سامنے کیوں ابلتا ہے؟ آپ نے ہندوستان کے وقار کے ساتھ سمجھوتہ کیا ہے!‘‘۔
’’کس نے امریکی صدر کو ثالثی کرنے کیلئے کہا ؟‘‘ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس کی وضاحت کریں : راہول گاندھی
