عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 23 اور 24 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں صوبے کے پونچھ، رام بن، راجوری، اودھم پور، ریاسی اور کٹھوعہ اضلاع میں کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہیں جبکہ کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کی توقع ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ 25 سے 27 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد میں 28 سے 30 جولائی تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے تاہم اس دوران صوبہ جموں کے کچھ علاقوں میں صبح کے وقت تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 25 سے 27 جولائی تک کاشتکاری سے متعلق سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کو موسم ابر آلود مگر مجموعی طور پر خشک رہا اور اس دوران آفتاب بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کئی بار کامیاب ہوا۔
کشمیر میں 25 سے 27 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان
