عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے زائد از ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم اس دوران شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 17 سے 20 اکتوبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 18 اکتوبر کی شام سے موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو شمالی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 22 سے 23 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ 24 اکتوبر کو ایک بار پھر شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 25 اور 26 اکتوبر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے بیشتر حصوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں 0 سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بانہال سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جموں و کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان
