عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ کے نام سے مشہور 40 روزہ چلہ کلاں کی آمد سے قبل ہی شبانہ سردیوں کا زور بڑھنے لگا ہے اور اس دوران سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حسب توقع وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے اور رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات درج ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔جموں میں شبانہ درجہ حرارت 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ماتا ویشنو دیوی بیس کیمپ ٹاؤن کٹرہ میں 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ،، بٹوٹ میں 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 16 نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری، سری نگر میں ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ