عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے جس کے نتیجے میں رات بھر سردیوں کا زور جاری رہا۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 18 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 13 سے 15 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 16 فروری کو مطلع جزی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران شام کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 17 اور 18 فروری کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 19 اور 20 فروری کو موس ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 اور 22 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔ 21 فروری تک بھی موسم خشک رہنے کی ہی توقع ہے تاہم اس دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں مختلف اوقات کے دوران ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ موسم خشک رہنے کی صورت میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 21 دسمبر یعنی چلہ کلان کے پہلے ہی دن شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا وادی میں جمعرات کو صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے دکانوں کے تھڑوں، صحنوں اور پارکوں میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال اور بارشوں کی کمی سے کسان طبقہ پریشان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کی کمی سے موسم گرما میں پانی کی شدید کمی پیدا ہوسکتی ہے جس سے فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ماہ دسمبر میں وادی کے بیشتر اضلاع میں 58 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جنوبی کشمیر میں بارش معمول کے مطابق ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری سے 6 فروری تک وادی کے بیشتر اضلاع میں بارش کی 88 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں چلہ کلان کے اختتام کے بعد 20 روزہ چلہ خورد شروع ہوا ہے گرچہ اس میں بھی بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردیوں کا زور تھم جاتا ہے۔