عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ریکارڈ توڑ گرمی سے دوچار ہونے کے بعد وادی کشمیر میں لوگ بارشوں سے پیدا ہونے والی ٹھنڈی ہواؤں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔کشمیر ویتھر کے مطابق جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے ساتھ ٹھنڈے موسم کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مغربی ہواؤں اور متحرک مانسون ہواؤں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا اس دوران کہیں کہیں تیز بارشوں اور بادل پھٹنے کا بھی امکان ہے۔
کشمیر ویتھر کے مطابق اس دوران درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے چلنے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ادھر وادی کے بیشتر علاقوں میں بدھ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ شروع ہے۔
اہلیان وادی ان بارشوں کا بی صبری سے انتظار کر رہے تھے اور ان کے لئے دعائیں مانگ رہے تھے۔غلام محمد نامی ایک کسان نے بتایایہ بارشیں انتہائی ضروری تھیں نہ صرف ان سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا بلکہ یہ فصلوں کے لئے بھی بہت ضروری تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ موسم میں یہ تغیر پوری وادی میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے بعد دیکھنے کو مل رہا ہے۔کشمیر میں 5 جولائی کو سات دہائیوں میں سب سے زیادہ دن کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جب سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔