عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر میں اگلے کم و بیش ایک ہفتے کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے۔کشمیر ویتھر کے مطابق وادی میں 2 جون کو موسم دوپہر تک خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد مطلع ابر آلود ہونے کے بعد کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے اور کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جبکہ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3 جون کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جبکہ کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی متوقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران وادی میں دن کا درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
کشمیر ویتھر نے بتایا کہ 4 جون کو وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے بھی امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 سے 8 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کے مرحلوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ ہوسکتا ہے اور معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔