عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی متوقع ہیں۔محکمے کی ایڈوئزری کے مطابق اس دوران کچھ کمزور مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے اور تیز بارشوں کے نتیجے میں کہیں کہیں سیلابی ریلے بھی آسکتے ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 29 مئی کو دوپہر کے بعد کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے مختصر مرحلوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 اور 31 مئی کو بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز بارشیں بھی ہوسکتی ہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یکم جون سے 3 جون تک وادی میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 4 سے 6 جون تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ دو پہر کے بعد کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ 30 اور 31 مئی کو کچھ ایک مقامات پر درمیانی سے بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ایڈوئزری کے مطابق اس دوران کچھ کمزور مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے اور تیز بارشوں کے نتیجے میں کہیں کہیں سیلابی ریلے بھی آسکتے ہیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمزور ڈھانچوں کے نزدیک نہ رہیں۔
کشمیر میں 30 اور 31 مئی کو وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان
