عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 18 فروری تک موسم میں کسی خاص تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 18 فروری تک موسم میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 19 فروری کی شام سے 20 فروری کی دو پہر تک وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 21 سے 23 فروری تک موسم جزوی یا مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 24 فروری کو ایک بار پھر ہلکے درجے کا برف وباراں متوقع ہے۔دریں اثنا وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال سے کسان طبقے سے وابستہ لوگوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کی کمی سے موسم گرما میں پانی کی شدید کمی پیدا ہوسکتی ہے جس سے فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی 79 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی 84 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔ادھر وادی میں اتوار کو بھی صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے پارکوں، صحنوں اور دکان تھڑوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔