ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں اتوار کی بعد دوپہر اور گزشتہ شب رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی، جس کے بعد وادی بھر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گلمرگ، افروٹ، سونہ مرگ،کنگن کے بالائی علاقوں، رازدان ٹاپ، گریز اور پونچھ کے بالائی علاقوں سمیت دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ پیر کے روز جموں وکشمیر بھر میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران جنوبی کشمیر اور پیرپنجال کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
ڈائریکٹر موسمیات نے مزید بتایا کہ اس دوران کسی بڑی بارش یا برفباری کا کوئی امکان ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں جموں و کشمیر میں موسم میں کسی بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر، شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے رازدان ٹاپ پر موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔ اس سے قبل گلمرگ کی افروٹ پہاڑی پر اتوار کی دوپہر برفباری ہوئی تھی۔
ادھر، اتوار کی شام سے وسطی ضلع گاندربل کے سونہ مرگ، زوجیلا، کلن گنڈ کنگن میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو سوموار کی صبح تک جاری رہا ۔ بارشوں کے ساتھ ساتھ صحت افزا مقام سونہ مرگ کے پہاڑوں پر رواں سال کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔
اسی دوران گزشتہ شب پونچھ ضلع کے منڈی علاقے میں ساوجیاں اور لورن میں بھی برفباری ہوئی ہے۔