عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) سری نگر کی جانب سے شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے پیر کو ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں 14 جولائی سے 17 جولائی 2025 تک عوام، سیاحوں اور مقامی باشندوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران کشمیر صوبے کے مختلف علاقوں، بالخصوص سری نگر میں شدید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے دریائے جہلم کے کناروں، اس کی معاون ندیوں اور نالوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ایام کے دوران دریاوں اور جھیلوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
سیاحوں، شکارا آپریٹرز، ریت نکالنے والوں اور کشتی کے ذریعے دریا عبور کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران ڈل جھیل، دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر پر نقل و حمل سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹر، ایمرجنسی ریسپانس سپورٹ سسٹم اور پولیس کنٹرول روم سری نگر سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کی جا سکے۔
انتظامیہ نے اس ایڈوائزری کو عوامی سلامتی کے پیش نظر نہایت اہم قرار دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر کو سنجیدگی سے اپنایا جائے۔
وادی کشمیر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی موسمی ایڈوائزری جاری
