شبیر وانی
سرینگر/ محکمہ موسمیات سرینگر نے وادی کشمیر کے لیے نیا موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شمالی کشمیر سے بادلوں کا ایک طاقتور جھرمٹ وسطی اور جنوبی کشمیر کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے زیرِ اثر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران سرینگر، بڈگام، پامپور، اونتی پورہ، پلوامہ اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض مقامات پر بارش کی شدت غیرمعمولی ہوسکتی ہے اور پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے کے امکانات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، پرانی عمارتوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔عوام کو ڈل جھیل سمیت تمام آبی ذخائر میں شکارہ سواری اور کشتی رانی فی الفور معطل کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جموں وکشمیر میں وقفے وقفے سے ہونے والی شدید بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے، کئی سڑکیں اور شاہراہیں بند ہوچکی ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو غیرضروری سفر سے گریز اور ہر ممکن احتیاط اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔