عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/محکمہ موسمیات سرینگر نے جموں و کشمیر کے لیے ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں 16 سے 17 اور 21 سے 23 جولائی کے دوران شدید سے بہت شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی وارننگ دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نےبتایا کہ ان دنوں کے دوران موسم عمومی طور پر ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے امکانات رہیں گے۔
انہوں نے کہاچند علاقوں میں شدید بارشوں اور کہیں کہیں بہت شدید بارش کے امکانات ہیں۔ڈاکٹر مختار نے مزید کہا کہ 18 سے 20 جولائی کے دوران بھی کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق آئندہ چار روز کے دوران چند مقامات پر شدید بارشیں ہوسکتی ہیں جن سے فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈ، مٹی کے تودے گرنے، اور اہم شاہراہوں پر پتھر گرنے کے خطرات موجود ہیں۔
محکمہ نے خاص طور پر ندی نالوں، ڈھلوانی علاقوں اور شاہراہوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوکسی اختیار کریں اور عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔گزشتہ دو دنوں سے جموں و کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے شدید گرمی کی لہر سے کچھ راحت ملی ہے۔
محکمہ موسمیات کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، کشمیر صوبہ کے پہلگام میں 16.6 ملی میٹر، کولگام 17.2 ملی میٹر، گلمرگ 15.2 ملی میٹر، اور اونتی پورہ میں 12.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر اہم مقامات میں ٹنگمرگ (12.2 ملی میٹر)، کوکرناگ (10.8 ملی میٹر)، نوگام ہندوارہ (10.8 ملی میٹر)، قاضی گنڈ (9.5 ملی میٹر)، چرار شریف (8.2 ملی میٹر)، اور سونمرگ (8.5 ملی میٹر) شامل ہیں۔
سرینگر شہر میں 4.3 ملی میٹر جبکہ ایئرپورٹ پر 4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ پلوامہ میں 6.0 ملی میٹر اور کپواڑہ میں 5.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سوپور (2.4 ملی میٹر)، بانڈی پورہ (1.0 ملی میٹر) اور شوپیاں (0.5 ملی میٹر) میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
جموں صوبہ کے ادھم پور میں سب سے زیادہ 43.0 ملی میٹر، کٹرا 35.8 ملی میٹر، ریاسی 25.0 ملی میٹر اور راجوری 23.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جموں شہر اور اس کے ایئرپورٹ پر بالترتیب 15.9 اور 15.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پونچھ میں 12.0 ملی میٹر، جب کہ بانہال، بٹوت اور رام بن میں 3 سے 5 ملی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔ کٹھوعہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی بارش نہیں ہوئی۔لداخ ریجن کے لیہہ میں 2.6 ملی میٹر اور کرگل میں 0.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔