عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کے بعد محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ سب سے زیادہ بارش راجوری میں 56 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کٹڑہ میں 45.2 ملی میٹر، جموں میں 39.4 ملی میٹر اور سری نگر میں 31.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید شدید بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اورمٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
منگل کی شام جموں میں تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی تیز بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی گئی، تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے قبل تازہ موسمی صورتحال سے باخبر رہنا ضروری ہے، کیونکہ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی ایک اطلاع کے مطابق جموں وکشمیر میں دس جولائی تک مطلع ابر آلود رہے گا جس دوران کئی علاقوں میں معمولی سےدرمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ 11 سے 13 جولائی کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ 14 اور 15 جولائی کو دوبارہ بارشیں متوقع ہے۔
جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا
