عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والے آپریشن سندور کے مختلف پہلوؤں پر بحث کے لیے پارلیمنٹ میں کم از کم دو دن کی بحث کی جانی چاہیے۔
پارٹی نے آج یہاں کہا کہ اس معاملے نے پورے ماحول کو گہرائی سے متاثر کیا ہے۔ ملک کا ہر شہری اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقیقت جاننا چاہتا ہے، اس لیے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں وسیع پیمانے پر غور کیا جانا چاہیے۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا ’’جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے پر ہمیں کم از کم دو دن کی بحث و مباحثہ کرنا ہوگا۔ ہمارے سامنے کئی اہم امور ہیں جن پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پہلگام حملہ، آپریشن سندور، پاکستانی فضائیہ کے آپریشنز میں چین کا رول اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دعوے ایسے اہم امور ہیں جن پر پارلیمنٹ میں بحث ہونے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی اور انڈیا الائنس کا خیال ہے کہ ان امور پر گہرائی سے بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کا جائز اور ضروری مطالبہ کر رہی ہیں۔
پہلگام معاملہ پر پارلیمنٹ میں دو دن ہو بحث: کانگریس
