عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صحت اور طبی تعلیم کی وزیر سکینہ یتو کا الزام ہے کہ جموں وکشمیر نے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون اور پی ڈی پی کی وجہ سے دفعہ 370 اور ریاستی درجے کو کھو دیا کیونکہ یہی اس وقت مل جل کر حکومت چلا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی درجے کا مطلب دفعہ 370 ہی ہے جس کے لئے ہم کوشاں ہیں۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاآج ہمارے پاس ریاست نہیں ہے، دفعہ 370 نہیں ہے، جو جو تباہی یہاں ہے جو ہمارے حقوق چھینے گئے ہیں اس میں سب سے بڑا رول سجاد لون اور پی ڈی پی کا ہے کیونکہ اس وقت یہی مل جل کر سرکار چلا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھاان کے دور اقتدار میں جو تباہیاں ہوئیں اگر ان کا خلاصہ کیا جائے تو سجاد لون صاحب اسمبلی میں کھڑے نہیں ہوسکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سکینہ یتو نے کہاخصوصی درجہ ہی دفعہ 370 ہے ہم اس کے لئے کوشش کر رہے ہیں اسمبلی کے شروع میں ہی ہم نے اس کے لئے قرار دادیں لائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ قرار دادیں ان لوگوں کو ہضم نہیں ہوئیں۔
ہم نے سجاد لون اور پی ڈی پی کی وجہ سے دفعہ 370 کھو دیا: سکینہ یتو
