ہم اپنے تشخص اور آئین کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

یو این آئی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ انڈیا الائنس کے تحت ہم سب اپنے تشخص اور آئین کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس ان طاقتوں کے خلاف بنا ہے جو ملک کو الگ الگ کرنا چاہتی ہیں۔ان کا کہنا تھا  ‘اب روح اللہ صاحب میری جگہ پارلیمنٹ میں جا کر ریاست کے تشخص کو بچائیں گے موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں کانگریس کے ہیڈ کوارٹر پر میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی اور نیشنل کانفرنس کے سری نگر لوک سبھا سیٹ کے امید وار آغا روح اللہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا: ‘ہماری الائنس مضبوط ہے، ہم سب اپنے تشخص اور آئین کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘راجستھان میں وزیر اعظم نے جو تقریر کی اس نے میرے رونگٹھے کھڑے کئے، وزیر اعظم کو بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل ملک کے تمام لوگوں کی خدمت کرنی ہوتی ہے’۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘انڈیا الائنس ملک کو الگ الگ کرنے والوں کے خلاف ہی بنی ہے راہل گاندھی جی جب یہاں پد یاترا پر آئے تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ انڈیا الائنس آئین کی حفاظت کے لئے بنا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘میری جگہ پر اب آغا روح اللہ صاحب پارلیمنٹ میں جائیں گے وہ وہاں ہر باشندے کی بات کریں گے، وہ ریاست کے تشخص کو بچائیں گے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘انڈیا الائنس کامیاب ہوئی تو جو یہاں خرابیاں ہوئی ہیں ان کو ٹھیک کرنا ہے، الیکشن کمیشن کو آزاد بنانا ہے، عدلیہ کو آزاد بنانا ہے، ایسے گورنروں کو بھیجنا ہے جو دلی کے بجائے لوگوں کی خدمت کریں گے’۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘ہماری الائنس بہت مضبوط ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان یہ سمجھے کہ جموں وکشمیر ملک کا تاج ہے’۔

جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا پارٹی ہیڈ کوارٹر پر حاضر ہونے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘اودھم لوک سبھا سیٹ چودھری لال سنگھ اور جموں لوک سبھا سیٹ سے رمن بھلا کامیاب ہوں گے”۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر کی تین سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کے امید واروں کے ساتھ کانگریس پوری طاقت سے کھڑی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر لداخ کی تمام 6 سیٹوں پر انڈیا الائنس کی جیت ہوگی۔