عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت یونین ٹریٹری کے درجہ کو قبول نہیں کرتی، اور ان کے لیے جموں و کشمیر صرف ایک ریاست ہے اور جلد سے جلد اس کی بحالی چاہتے ہیں۔
سوپور کی فروٹ منڈی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سریندر چودھری نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست کے خصوصی حقوق چھین کر اور اسے یونین ٹریٹری میں تقسیم کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی حکومت ہے جسے کشمیر کے مصائب کے خاتمے اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں بی جے پی سے چھینے گئے حقوق کی بحالی کے لیے لڑنے کا عزم کیا گیا اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، جس کے لیے عوام نے انہیں ووٹ دیا تھا۔
چودھری نے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کشمیر کے عوام کے حقوق، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور روزگار کے مواقع کی وکالت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو کشمیر کے لوگوں کو بی جے پی کی جانب سے پیدا کردہ مشکلات سے نجات دلا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بھارتی جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور جموں و کشمیر کے چھینے گئے حقوق کی بحالی اور نوجوانوں کی ملازمتوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتی ہے۔ چودھری نے یقین دلایا کہ وہ کسی بھی غیر مقامی شخص کو جموں و کشمیر کی زمین پر قبضہ کرنے یا یہاں کے روزگار کے مواقع پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد عوام سے کیے گئے انتخابی وعدوں اور پارٹی کے منشور کی عکاسی کرتی ہے، جو جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات کی نمائندہ ہے۔