عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ماہرین صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرناک اثرات سے بچنے کے لیے مناسب مقدار میں پانی پینا یقینی بنائیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے ساتھ جسم سے پانی کا اخراج پسینے اور دیگر طریقوں سے بڑھ جاتا ہے، جس سے جسم میں ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بزرگ، بچے، مزدور اور کھلی جگہوں پر کام کرنے والے افراد کو گرمی میں خاص احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہن کر سورج کی تپش سے بچا جائے۔
ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ علامات جیسے چکر آنا، شدید پیاس لگنا، کمزوری، جسم کا گرم ہونا یا ہوش میں کمی محسوس ہونا، ہیٹ اسٹروک کی علامت ہو سکتی ہیں، اور ایسے میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے بھی عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، تازہ پھل اور سبزیاں کھائیں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ گھومیں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہا جا سکے۔
شدید گرمی میں پانی کی کمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے:طبی ماہرین
