عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سری نگر کے بٹہ مالو ، میر آباد، لین نمبر 3 میں پانی کی سپلائی مسلسل چار روز سے بند ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہیں محکمہ کی یقین دہانیوں کے باوجود علاقے میں سپلائی کو بحال نہیں کیا جا رہا ہے۔
مقامی شہری ریاض احمد ڈار نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شدت کی گرمی کے درمیان پانی کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے متاثرہ علاقے میں ہاہاکار مچی ہوئی ہے، مسجد میں بھی اب پانی دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے نمازیوں کو مشکلات درپیش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ متعدد بار محکمہ کو مطلع کرنے کے باوجود بھی علاقے میں سپلائی کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔ بدھ کو محکمہ کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی فی الحال علاقے میں لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔
میر آباد کے رہائشیوں نے محکمہ جل شکتی سے پانی کی فراہمی کے اس مسئلے کو جلد حل کر کے علاقے میں بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
ادھر محکمہ جل شکتی کے ایگزیکٹیو انجینئر پیرزادہ شائق نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اگرچہ کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم وہاں کچھ افراد کی جانب سے پانی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے یقین دلایا کہ معاملے کو جلد حل کر کے علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔