عظمیٰ ویب ڈیسک
پونے/سابق بھارتی آرمی سربراہ جنرل منوج نروانے نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر سوال اٹھانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ جنگ نہ تو رومانوی ہوتی ہے اور نہ ہی یہ کسی بالی وڈ فلم کی طرح ہوتی ہے۔
پونے میں اتوار کو انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل نروانے نے کہا کہ اگر حکم ملا تو وہ جنگ کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ سفارتکاری ہوگی۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں بسنے والے عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے بچوں سمیت لوگ شیلنگ کے باعث نفسیاتی صدمات کا شکار ہیں اور رات کے وقت پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاجن لوگوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں، ان کا یہ صدمہ نسل در نسل منتقل ہوگا۔ پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) جیسی حالت بھی ہوتی ہے، جس میں لوگ بیس سال بعد بھی ڈراؤنے مناظر کو یاد کرکے پسینے میں شرابور ہو کر جاگتے ہیں اور انہیں نفسیاتی علاج کی ضرورت پڑتی ہے۔
جنرل نروانے نے مزید کہاجنگ کوئی رومانوی چیز نہیں ہے۔ یہ آپ کی کوئی بالی وڈ فلم نہیں۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ جنگ یا تشدد آخری راستہ ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یہ جنگ کا دور نہیں ہے۔ اگرچہ ہمیں بعض ناسمجھ افراد کی وجہ سے جنگ پر مجبور ہونا پڑتا ہے، لیکن ہمیں اس پر خوشی نہیں منانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ مکمل جنگ کیوں نہیں کی گئی۔ایک فوجی کی حیثیت سے اگر حکم دیا جائے تو میں جنگ میں جاؤں گا، لیکن یہ میری پہلی ترجیح نہیں ہوگی۔انہوں نے زور دیا کہ ان کی پہلی ترجیح سفارتکاری ہے اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاکہ مسلح تصادم کی نوبت نہ آئے۔
جنرل نروانے نے کہاہم سب قومی سلامتی کے برابر کے فریق ہیں۔ ہمیں صرف ممالک کے درمیان ہی نہیں بلکہ خاندانوں، ریاستوں، خطوں اور کمیونٹیز کے درمیان بھی اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے 7 مئی کو پہلگام حملے کے ردعمل میں ’’آپریشن سندور‘‘کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں سات دہشتگرد ٹھکانوں کو تباہ کیا تھا۔بھارت اور پاکستان نے ہفتے کے روز ایک معاہدے کا اعلان کیا جس کے تحت زمینی، فضائی اور سمندری حدود میں تمام فائرنگ اور فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا گیا۔
جنگ بندی پر سوال اٹھانے والوں پر سابق آرمی سربراہ جنرل نروانے کی شدید تنقید ،کہاجنگ کوئی رومانوی بالی وڈ فلم نہیں
