عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جاری رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے صرف تباہی ہو تی ہے جس کا سب سے زیادہ خمیازہ جموں و کشمیر کو بھگتنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہامجھے پوری امید ہے کہ امن ہی رہے گا اور ہم امن کے خواستگار ہیں۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
سیز فائر کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاسیز فائر بر قرار ہے، گذشتہ کچھ روز سے خاموشی ہے ہمیں امید ہے کہ آگے بھی خاموشی ہی رہے گی۔ان کا کہنا تھاہم جنگ میں یقین نہیں رکھتے ہیں اس سے تباہی ہوتی ہے، امید ہے کہ امن ہی رہے گا اور ہم امن کے ہی خواستگار ہیں۔
محبوبہ مفتی کے عمر عبداللہ کو تلبل نیویگیشن پروجیکٹ بیان پر ہدف تنقید بنانے پر ناصر اسلم نے کہاان کو اندازہ ہی نہیں ہے کہ کب کون بات کرنی ہے، ان کو سیاسی بالغ النظری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ گولہ باری سے سرحدی علاقوں میں بے تحاشا مالی نقصان ہے ہواہے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے زمینی سطح پر نقصان کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ جو نقصان ہوا ہے حکومت متاثرین کی بھر پور مدد کر یقینی بنائے گی۔
جنگ ہمارے لئے تباہی ہے، ہم امن کے خواستگار ہیں:ناصر اسلم وانی
