عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون کا کہنا ہے کہ وقف ترمیمی بل ابھی زیر سماعت نہیں ہے لہٰذا اس پر اسمبلی میں بحث کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائوس میں ان باتوں پر بحث ہونی چاہئے جن کے متعلق لوگوں میں خدشات پائے جا رہے ہیں۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
اسپیکر کی طرف سے اسمبلی میں وقف بل پر بحث کرنے کی اجازت نہ دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہااسمبلی میں وقف بل پر بات کی جانی چاہئے کیونکہ یہ بل ابھی زیر سماعت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جن چیزوں پر لوگوں میں خدشات ہیں ان پر ہائوس میں بات ہونی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی دفعہ 370 پر قرار داد نہیں آئی اس پر بھی بحث کرنی ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور اقلیتی اموراور پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کے باغ گل لالہ کی سیر کی مخالفت میں ایک پوسٹ کے بارے میں سجاد لون نے کہایہ مسلم اکثریتی والی ریاست ہے، جس وزیر نے پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل پیش کیا اس سے دور ہی رہنا چاہئے تھا۔
واضح رہے کہ کرن رجیجو اور عمر عبداللہ نے پیر کی صبح سری نگر میں باغ گل لالہ کی سیر کی اور مرکزی وزیر نے اس سیر کی تصویریں اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیں۔سجاد لون نے اس کے خلاف اپنے ایک پوسٹ میں کہاہندوستان کے مسلمان کم سے کم اس بات کے حقدار تھے کہ جموں و کشمیر، جو ہندوستان کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہے، کے وزیر اعلیٰ بطور احتجاج کرن رجیجو سے دور رہیں، جنہوں نے وقف بل پیش کیا تھا۔
وقف بل ابھی زیر سماعت نہیں،اس پر بحث کی جا سکتی ہے: سجاد لون
