عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/الیکشن کمیشن نے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پرمود چندر مودی کو انتخابی افسر مقرر کیا ہے اور ان کی مدد کے لیے راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں جوائنٹ سکریٹری گریما جین کو انتخابی افسر اور ڈائریکٹر وجے کمار کو معاون انتخابی افسر مقرر کیا گیا ہے الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز اس سلسلے میں گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا کمیشن نے کہا کہ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے الیکشن افسر اور معاون افسران کی تعیناتی نائب صدر کے انتخاب 2025 کے سلسلے میں وزارت قانون و انصاف کی مشاورت سے آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت کی گئی ہے۔
واضح ر ہے کہ اس ہفتے جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کی وجہ سے نائب صدر کے عہدے کے لیے نئے انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس انتخاب میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔
روایت کے مطابق صدر جمہوریہ اور نائب صدر کے انتخاب میں لوک سبھا یا راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل کو الیکشن آفیسر بنایا جاتا ہے۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے گزشتہ انتخابات میں لوک سبھا کے سکریٹری جنرل کو الیکشن افسر بنایا گیا تھا۔
نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کا عمل شروع، راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل انتخابی افسر مقرر
