تسکین وانی
بانہال// 17 فروری کو کٹرہ اور سرینگر کے درمیان ریل سروس شروع کرنے کا مجوزہ پروگرام فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے اور اُمید ہے کہ کٹراہ اور سرینگر کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس ریل کو 21 یا 22 فروری کو وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کیا جائیگا۔
ریلوے زرائع نے اس نامہ نگار کو بتایا کہ 17 فروری کو کٹراہ اور سرینگر کے درمیان ریل سروس شروع کرنے کے بارے میں اگرچہ کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم شمالی ریلوے حکام کو اس تاریخ کیلئے تیار رہنے اور ریلوے ملازمین کو چھٹی نہ دینے کا زبانی حکم دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 17 فروری کو ریل سروس شروع کرنے کے زبانی حکم کو اب نئے زبانی حکم سے ہی ملتوی کیا گیا یے اور سابقہ کی طرح اس بار بھی کوئی تحریری حکم صادر نہیں کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب بتایا جارہا ہے کہ ریل سروس شروع کرنے کیلئے 21 یا 22 فروری کی تاریخ مقرر کی جائے گی اور اس کے پیچھے دہلی میں حکومت سازی اور حلف برادری کی تقریب کو وجہ مانا جا رہا ہے۔