عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کے ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کی یاترا خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر رات کو معطل رہنے کے بعد جمعرات کی صبح بحال ہوئی۔یہ مقدس یاترا لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش کی وجہ سے 22 دن کی معطلی کے بعد بدھ کو دوبارہ شروع ہوئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر یاترا کو بدھ کی شام عارضی بنیادوں پر روک دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ موسم ساز گار ہونے کے ساتھ ہی آج صبح یاترا دوبارہ شروع ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ یاترا صبح سے ہی خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہی تھی۔حکام نے بتایا کہ 10 بجے صبح تک ہی قریب 11 سو یاتریوں نے رجسٹریشن کی تھی۔
ادھر یاترا بحال ہونے کے ساتھ ہی کٹرہ قصبے میں چہل پہل دوبارہ شروع ہوئی ہے اور قصبے کے دکاندار اور دیگر لوگ خوش نظر آ رہے ہیں۔واضح رہے کہ 26 اگست کو ویشنو دیوی راستے پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 34 یاتری جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اس سانحے کے بعد یاترا کو یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بند رکھا گیا تھا۔شرائن بورڈ کا کہنا ہے کہ عقیدتمندوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور یاترا کے دوران ہر ممکن سہولت اور سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ویشنودیوی یاترا مختصر وقفے کے بعد دوبارہ شروع
