امریکہ کا 25 فیصد ٹیرف ناقابل قبول، خوشگوار تعلقات کا دعویٰ محض زبانی نہ ہو: تنویر صادق

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/امریکہ کی جانب سے ہندستان سے درآمد کی جانے والی متعدد اشیاء پر 25 فیصد درآمداتی ٹیکس (ٹیرف) عائد کیے جانے کے فیصلے پر نیشنل کانفرنس (این سی) نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ جب حکومت ہند امریکہ کے ساتھ ’خوشگوار اور مضبوط تعلقات‘ کا دعویٰ کرتی ہے تو اس کا عملی مظاہرہ تجارتی میدان میں بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ’کہیں نہ کہیں کوئی کمی ضرور ہے۔ اگر واقعی دوطرفہ تعلقات اتنے بہتر ہیں جتنا دعویٰ کیا جا رہا ہے تو پھر امریکہ کی جانب سے اس طرح کا سخت تجارتی اقدام حیران کن ہے۔‘ترجمان نے مزید کہا کہ درآمداتی ٹیرف میں 25 فیصد اضافہ ہندستانی معیشت پر منفی اثر ڈالے گا، خاص طور پر ان صنعتی شعبوں پر جو امریکی منڈیوں پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ ہندستان کی معیشت کے لیے ایک دھچکا ہے لیکن ہمارا ملک مضبوط ہے اور ہم کسی بھی قوم کے دباؤ یا اقتصادی چالاکیوں کے آگے نہیں جھکیں گے۔
نیشنل کانفرنس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ تجارتی توازن کے مسئلے پر سنجیدہ مذاکرات کرے اور ایسے فیصلوں کا مؤثر جواب دے جو ہندستان کی اقتصادی خودمختاری کو متاثر کرتے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں ہندستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک، دفاعی اور تکنیکی میدان میں قریبی تعلقات کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے، لیکن تجارتی محاذ پر پیش آنے والے ایسے اقدامات سے ان دعوؤں کی سچائی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Share This Article