عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اشوک کمار ورما نے منگل کو کہا کہ ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ریاسی ٹنل کا کام بھی ایک ہفتے کے اندر مکمل ہونے والا ہے۔
اشوک کمار ورما نے کہا کہ ریاسی ٹنل کے کام کا آخری مرحلہ جاری ہے، جو اگلے ہفتے مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا، “سی ایس آر انسپکشن 15 دن کے اندر مکمل کی جائے گی اور کٹرہ سے سرینگر تک ریل سروس جلد شروع ہو جائے گی”۔
واضح رہے کہ نادرن ریلوے کے جنرل منیجر نے آج اننت ناگ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشنز کا جائزہ لیا اور انفراسٹرکچر کی ترقی کا معائنہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران، انہوں نے کہا کہ ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔
اننت ناگ کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خطہ رابطہ اور سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وندے بھارت ایکسپریس سمیت دیگر پریمیم ٹرینیں جلد ہی وادی کشمیر میں چلائی جائیں گی، جس سے مقامی باشندوں اور سیاحوں کے سفر کے امکانات میں بہتری آئے گی۔