عظمیٰ ویب ڈیسک
واشنگٹن/امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد سے زائد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٹرمپ نے بھارت کو ’’دوست‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے بھارت کے ساتھ نسبتاً کم کاروبار کیا ہے کیونکہ بھارت کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے بھارت پر ’’انتہائی سخت‘‘اور ’’ناگوار غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں‘‘عائد کرنے کا الزام بھی لگایا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا:’’یاد رکھیں، اگرچہ بھارت ہمارا دوست ہے، لیکن ہم نے برسوں سے ان کے ساتھ بہت کم تجارت کی ہے کیونکہ ان کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اور ان کی غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں سب سے سخت اور ناگوار ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، بھارت نے ہمیشہ اپنی اکثریتی عسکری ضروریات روس سے پوری کی ہیں اور وہ روس سے توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے، چین کے ساتھ مل کر، ایسے وقت میں جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت گری بند کرے یہ سب چیزیں درست نہیں ہیں! اس لیے بھارت یکم اگست سے 25 فیصد ٹیرف کے ساتھ ایک اضافی جرمانہ بھی ادا کرے گا۔ اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ۔ میگا
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان عالمی تجارتی تعلقات پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے، خاص طور پر بھارت اور امریکہ کے درمیان۔
امریکی صدر ٹرمپ کا بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد سے زائد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان
