عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بہار میں انتخابی کمیشن کی ووٹر لسٹ پر خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) کے خلاف متحد اپوزیشن نے بدھ کو مسلسل دوسرے دن راجیہ سبھا میں ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے دو اجلاسوں کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔
مانسون اجلاس کا آج تیسرا دن ہے اور بہار میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے راجیہ سبھا میں گزشتہ دو دنوں سے کوئی قانون سازی کا کام نہیں ہوسکا ہے۔
پریزائڈنگ ڈپٹی چیرمین بھونیشور کلیتَا نے دوپہر 2 بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کرتے ہوئے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال سے کہا کہ وہ ’کیریج آف کارگو بائی سی بل 2025‘ کو بحث اور منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں۔
اسی دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر ڈپٹی چیئر مین کی نشست کے قریب آگئے۔ انہوں نے بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ’ایس آئی آرواپس لے لو‘ کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان مسٹر سونووال نے بل پیش کردیا۔
ڈپٹی چیئرمین نے اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایم تمبی دورے سے بل پر بحث شروع کرنے کے لیے کہا۔ جیسے ہی مسٹر دُرے تقریر کرنے کے لیے کھڑے ہوئے تو اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی تیز کردی۔ ڈپٹی چیئرمین نے ارکان سے خاموش رہنے اور اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کی لیکن جب اس کا کوئی اثر نہ ہوا تو انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی۔اس سے پہلے بھی اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث کارروائی پہلے 12 بجے اور پھر 2 بجے تک ملتوی کرنا پڑی۔
راجیہ سبھا میں ایس آئی آر پر ہنگامہ ، کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی
