یو این آئی
سری نگر// پولیس نے سری نگر کے نوگام علاقے میں اتوار کی صبح ریلوے کراسنگ پر ایک عدم شناخت لاش کو بر آمد کیا۔پولیس نے لوگوں سے لاش کی شناخت کے لئے مدد طلب کی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس سٹیشن نوگام کی ایک پارٹی نے اتوار کی صبح ریلوے کراسنگ کے این ایچ 44 پر ایک عدم شناخت لاش بر آمد کی۔انہوں نے کہا کہ مشاہدے کے دوران لاش پر زخموں کا کوئی نشان نہیں دیکھا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا مذکورہ شخص کو رات کی ٹھنڈ میں باہر پڑا ہوا دیکھا گیا جس کے نتیجے میں شدید ٹھنڈ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔