سرینگر// اوبر نے ہندوستان میں اپنی پہلی واٹر ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے سیاح اب جھیل ڈل میں شکارا سواری کی پیشگی بکنگ کرسکتے ہیں۔
اوبر نے اپنی اس نئی سروس، جسے “اوبر شکارا” کا نام دیا گیا ہے، پیر کے روز محدود مدت کے لئے شروع کی۔ اس کا مقصد جموں و کشمیر میں جدید سہولیات کو فروغ دینا ہے۔
اوبر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’روایت اور ٹیکنالوجی کے امتزاج کے ذریعے، آپ اپنی شکارا سواری کو 15 دن پہلے ہی بک کرسکتے ہیں۔ صرف اوبر ایپ پر ایک بٹن دبائیں اور شکارا سواری کے لئے تیار ہوجائیں۔‘‘
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سیاحت کو فروغ دینے کا ایک تخلیقی طریقہ ہے، جو روایتی ثقافت اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروس آنے والے سیاحتی سیزن میں شکارا سواری کو مزید آسان اور ہموار بنائے گی۔
ایل جی نے مزید کہا، ’’اوبر کا یہ اقدام قابل تحسین ہے، اور ہم دنیا کے سامنے جموں و کشمیر کی خوبصورتی کو پیش کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے لوگوں کو جموں و کشمیر کے جادوئی موسم سرما میں لطف اندوز ہونے کی دعوت بھی دی۔
اوبر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ اقدام مقامی شکارا آپریٹرز کی آمدنی بڑھانے کے لئے کیا گیا ہے تاکہ شکارا سواری کو مزید آسان اور قابل رسائی بنایا جاسکے۔
فی الحال اس سروس میں سات شکارا شامل ہیں، لیکن اسے مزید توسیع دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اوبر ایپ کے ذریعے شکارا کی بکنگ کی جاسکتی ہے، اور کرایہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہی وصول کیا جائے گا۔
اوبر نے جھیل ڈل میں شکارا بکنگ کیلئے آن لائن سروس کا آغاز کیا
