عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// صحت کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے بدھ کو کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں اپنے امیدواروں کے لیے مہم نہیں چلا سکیں گے۔
آزاد نے بتایا کہ 25 اگست کی رات انہیں سرینگر میں سینے میں شدید درد ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ دوسرے روز اعلیٰ صبح دہلی کے لیے روانہ ہوا اور ایمز میں داخل کیا گیا جہاں میں دو دن تک رہا، ڈاکٹروں نے یقین دلایا کہ فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔
آزاد نے کہا کہ وہ صحت کے دیگر مسائل سے نمٹ رہے ہیں جن کے لیے ادویات اور آرام دونوں کی ضرورت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ “ان غیر متوقع حالات نے مجھے انتخابی مہم سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
آزاد نے مزید کہا کہ انہیں اس اہم وقت میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت نہ کرنے پر افسوس ہے. انہوں نے اپنے ساتھیوں پر بھی زور دیا جنہوں نے اپنے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں، وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ آیا وہ ان کی موجودگی کے بغیر جاری رکھ سکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا “اگر وہ محسوس کرتے ہیں کہ میری غیر موجودگی ان کے امکانات کو متاثر کرے گی، تو انہیں اپنی امیدواری واپس لینے کی آزادی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ایک ممتاز قومی رہنما غلام نبی آزاد نے کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اپنے وسیع تجربے اور سیاسی ذہانت کے لیے مشہور آزاد کی انتخابی مہم میں غیر موجودگی جموں و کشمیر انتخابات میں ان کی پارٹی کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگی۔