محمدشامی چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ، عمران ملک بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل

یواین آئی

نئی دہلی//تیز گیند باز محمد شامی کندھے کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم انڈیا سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ اب بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔ بنگلہ دیش میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ شامی چوٹ کی وجہ سے اس میچ کے لیے فٹ نہیں ہیں۔ شامی گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے واپسی کے بعد پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

عمران ملک کو شامی کے باہر ہونےکے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عمران نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے دورے پر اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ تین ون ڈے میچوں میں ان کے نام تین وکٹیں ہیں۔ ون ڈے کے بعد ٹیم انڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔ شامی بھی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ تھے۔ اس انجری کے بعد وہ ٹیسٹ کھیل سکیں گے یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

محمد شامی کے زخمی ہونے سے ٹیم انڈیا کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ ون ڈے کے ساتھ ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان کے اہم گیندباز جسپریت بمراہ انجری کی وجہ سے پہلے ہی سیریز سے باہر ہیں۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ جبکہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ بھی چوٹ کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے باہر ہیں۔

محمد شامی کے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کی صورت میں مکیش کمار اور نودیپ سینی کو موقع مل سکتا ہے۔ نودیپ سینی اور مکیش کمار ابھی تک بنگلہ دیش میں ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی ٹیم انڈیا اے کے کھلاڑی ہیں ۔ دونوں نے بنگلہ دیش اے ٹیم کے خلاف چار روزہ میچوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مکیش نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں نودیپ سینی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مکیش ایک ان کیپڈ کھلاڑی ہیں اور سینی نے ہندوستان کے لیے دو ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جو 2020-21 میں آسٹریلیا کے دورے پر گئی تھی۔

محمد شامی نے ہندوستان کی جانب سے 60 ٹیسٹ میچوں میں 216 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ انہوں نے 82 ون ڈے میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 23 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 24 وکٹیں حاصل کی ہیں۔