عظمیٰ ویب ڈیسک
لندن// برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات میں لیبر پارٹی بڑی برتری حاصل کر نے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ 650 سیٹوں والے ہاوس آف کامنز میں لیبر پارٹی نے اب تک 326 سیٹیں حاصل کر لی ہے۔ جبکہ برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کی کنزرویٹو پارٹی کے 131 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں، سونک نے ہار تسلیم کر لی ہے۔
بی بی سی اُردو کے مطابق، برطانیہ میں عام انتخابات کے نتاِئج میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کر لی ہے، جس کے بعد سر کیر سٹارمر ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔ لیبر پارٹی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ 326 نشستیں حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیاب ہو گئی ہے۔
بی بی سی کے مطابق، وسطی لندن میں خطاب کرتے ہوئے ملک کے اگلے وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر نے کہا کہ ’تبدیلی کا آغاز ہو رہا ہے‘۔ سٹارمر کے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ ’سچ بولوں تو مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے‘۔
اس سے قبل اپنے حلقے میں جیت کے بعد تقریر کرتے ہوئے سر کیر سٹارمر کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے کارکردگی دکھانے کا وقت ہے‘۔
دوسری جانب برطانوی وزیرِ اعظم رشی سونک نے عام انتخابات میں شکست قبول کرلی ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’لیبر پارٹی یہ عام انتخابات جیت چکی ہے اور میں نے سر کیر سٹارمر کو فون کر کے انھیں مبارک باد دے دی ہے‘۔
سونک نے کہا، ’میں اس شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں‘۔