دہرادون// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز کہا کہ یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) میں کھیلوں جیسا ٹیم سپرٹ پایا جاتا ہے جو کسی بھی قسم کے امتیاز کو ختم کرتا ہے۔
یہ بات انہوں نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ نیشنل گیمز کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اتراکھنڈ حکومت کو یو سی سی کے نفاذ پر مبارکباد پیش کی اور اسے ایک “تاریخی اقدام” قرار دیا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا، “یونفارم سول کوڈ میں کھیلوں جیسا ٹیم سپرٹ موجود ہے اور یہ کسی بھی قسم کے امتیاز کی گنجائش نہیں رکھتا۔ یہ تمام مذاہب، ذاتوں اور جنسوں کے افراد کے ساتھ مساوی سلوک کی ضمانت دیتا ہے”۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا، “اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں یونفارم سول کوڈ نافذ کیا گیا ہے۔ اس کو آئین کے آرٹیکل 44 کے تحت 27 جنوری سے مؤثر بنایا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت کسی بھی قسم کا امتیاز نہیں ہوگا اور یہ صنف، ذات پات یا مذہب کی بنیاد پر مساوات کو یقینی بنائے گا”۔
وزیر اعظم مودی کے اس بیان نے نہ صرف اتراکھنڈ بلکہ پورے ملک میں انصاف اور مساوات کے لیے ایک مضبوط پیغام پہنچایا ہے۔