عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے پیر کو دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس سچن دتا کو جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (جے کے ڈی ایف پی)پر عائد پابندی کا جائزہ لینے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) ٹریبونل کے پریزائیڈنگ افسر کے طور پر مقرر کیا ہے۔
غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے مطابق، مرکزی حکومت نے 5 اکتوبر کو گزٹ آف انڈیا میں شائع ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے JKDFP کو باضابطہ طور پر ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔
یو اے پی اے کے تحت اس طرح کی کوئی پابندی اس وقت تک نافذ نہیں ہوگی جب تک کہ یو اے پی اے ٹریبونل کی طرف سے ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت کیے گئے حکم کے ذریعے اس کی تصدیق نہ ہو جائے۔
ایکٹ کے مطابق حکومت نے اب ٹریبونل کو تشکیل دیا ہے۔
جسٹس دتا نے کئی سالوں تک دہلی ہائی کورٹ میں مرکزی حکومت کے سٹینڈنگ وکیل کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے وسیع پیمانے پر قانونی چارہ جوئی میں مرکزی حکومت کی نمائندگی کی۔
اگست 2014 میں دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ سینئر وکیل کے طور پر نامزد ہونے سے پہلے وہ سپریم کورٹ اور یو اے پی اے کے تحت قائم مختلف ٹربیونلز کے سامنے مرکزی حکومت کی طرف سے بھی پیش ہوئے۔