عاصف بٹ
کشتواڑ// سوموار کی شام کشتواڑ کے بونجواہ علاقے میں ایک نجی آلٹو کار حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ تین دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹھاٹری کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی (نمبر Jk06A-0705) پاٹشالہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی جب ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے۔
جاں بحق ہونے والی خواتین میں سے ایک کی شناخت مہرالنساء دختر مشتاق احمد میر ساکن نالی بونجواہ کے طور پر ہوئی جبکہ دوسری خاتون کی فوری شناخت نہ ہو سکی۔ زخمیوں میں طارق حسین ولد غلام محی الدین، بریارہ بانو دختر گلشن احمد اور ایک نامعلوم خاتون شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری ریسکیو کاروائی شروع کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔