عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ// جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں جمعرات کو دو ویلیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کشتواڑ کے اوہلی کانتواڑہ میں یہ دونوں افراد ملی ٹینٹوں کی کاروائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس نے تصدیق کی کہ دونوں افراد صبح سے لاپتہ ہیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد کشتواڑ کے کانتواڑہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کا صفایا کیا جا سکے۔
واقعہ کی ذمہ داری جیش محمد کی ذیلی تنظیم “کشمیر ٹائیگرز” نے قبول کی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ میں تنظیم نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وی ڈی جیز کے دو فعال ارکان کلدیپ کمار اور ندیر کو ہلاک کیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ دونوں افراد جنگل میں ملی ٹینٹوں کا پیچھا کر رہے تھے، جس کے بعد ملی ٹینٹوں نے انہیں پکڑ کر ان کے مبینہ جرائم کا اعتراف کروایا اور بعد میں انہیں انجام تک پہنچا دیا۔
پولیس اور سیکورٹی فورسز واقعے کی مزید تحقیقات میں مصروف ہیں اور علاقے میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل لائی گئی ہے۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر انسداد ملی ٹینسی آپریشن جاری ہے۔