جموں میں دلخراش سڑک حادثہ، 2 طلباء جاں بحق

Mazar Khan
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// جموں کے سدھرا پل کے قریب ایک دلخراش حادثے میں نیٹ امتحان کی تیاری کرنے والے دو طلباء ٹرک کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔
متوفین کی شناخت توحید وانی ساکن راجوری، اور مہرالنساء ساکن ڈوڈہ، کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں طلباء کی عمریں بیس سال کے لگ بھگ تھیں۔
حکام کے مطابق، یہ حادثہ منگل کی رات اس وقت پیش آیا جب دونوں طلباء نگروٹہ سے بھٹندی جا رہے تھے کہ اُن کی موٹر سائیکل سدھرا پل پر پھسل گئی اور وہ ایک تیز رفتار ٹرک کے نیچے آ گئے، جس سے دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پل پر کھڑی ایک کار کے اندر موجود شخص نے اچانک دروازہ کھولا، جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار توحید وانی کا توازن بگڑ گیا اور وہ پھسل کر ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ گئے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کاروائیوں کے بعد بدھ کی صبح گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیا گیا، جہاں سے اُنہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، دونوں طلباء جموں کے بھٹندی علاقے میں مقیم تھے اور نیٹ امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

Share This Article