محمد تسکین
بانہال // قصبہ بانہال سے چار کلومیٹر دور بنکوٹ گاوں میں جمعرات کی دیر شام آتشزدگی کی ایک واردات میں کئی کنبوں کا آشیانہ ایک دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوگیا ہے تاہم فائر سروسز کی فوری کاروائی سے مکان کی نچلی منزل کو بچا لیا گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس مکان میں مرحوم محمد اشرف نجار کی بیوہ نظیر بیگم اور اُن کے دو بیٹے ارشد محمد اور سبزار احمد نجار علیحدہ طور رہائش پذیر تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ آگ کی واردات میں اوپری منزل کا تمام سامان ، راشن،کپڑے اور بستر ، ٹین اور لکڑی سے بنی چھت مکمل طور سے تباہ ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں ابتداءمیں ہی آگ بجھانے کی کمال ہمت سے کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔
ایس ڈی پی او بانہال اجے سنگھ جموال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال سے فائر اینڈ ایمرجنسی کی ٹیم کو فوری طور پر علاقے میں روانہ کیا جس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او بانہال فردوس احمد کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم بھی بچاو¿ کاروائیوں کیلئے جائے واقع پر پہنچ گئی ہے۔
افسر نے بتایا کہ پولیس نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے اور آگ بھڑک اٹھنے کی وجوہات کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے۔