عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر پولیس نے منشیات سمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس سٹیشن پارمپورہ کی ٹیم نے برتھانہ بند پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک آلٹو گاڑی JK01J 7081 کو روکا، جس میں دونوں ملزمان سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت آصف احمد شیخ اور عارف احمد شیخ کے طور پر کی گئی ہے، دونوں باباپورہ برتھانہ کے رہائشی ہیں۔
پولیس نے تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی۔ جس کے بعد پولیس نے ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 136/2024 درج کیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان بڑے پیمانے پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں اور خاص طور پر نوجوانوں میں منشیات کی ترسیل کر رہے تھے۔ آصف احمد شیخ کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس نے غیر قانونی منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم سے باباپورہ برتھانہ میں دو منزلہ مکان تعمیر کیا ہے۔ اس جائیداد کو منشیات کے خلاف قومی قانون (NDPS) کی دفعہ 68 کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کاروائی کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کیا گیا ہے۔
سرینگر پولیس عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ منشیات فروشوں یا دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں کوئی بھی معلومات پولیس سٹیشن یا 112 پر فراہم کریں۔ پولیس کا عزم ہے کہ وہ اس جرم کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے گی تاکہ معاشرے کو محفوظ اور منشیات سے پاک بنایا جا سکے۔