سری نگر// بڈگام پولیس نے چار روز سے لاپتہ دو بہنوں کو جموں سے باز یاب کرکے والدین کے سپرد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ ہمہامہ کو 26 ستمبر کو شمیمہ ساکن ہندوارہ حال ہمہامہ (جہاں وہ اکرایے کے ایک کمرے میں قیام پذیر تھی) نامی ایک خاتون کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ ان کی 15 اور 16 سالہ دو کمسن بیٹیاں لاپتہ ہوئی ہیں۔انہوں نے بیان میں کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن بڈگام میں ایک کیس درج کرکے اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ لڑکیوں کی تلاش کے لئے چوکی افسر ہمہامہ انسپکٹر امتیاز احمد کی سربراہی میں ایی خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی اور اس ٹیم نے فوری طور کارروائیاں شروع کرکے کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے۔
بیان کے مطابق پولیس ٹیم کی سخت محنت اور کئی لیڈس پر کام کرنے کے نتیجے میں دونوں لاپتہ لڑکیوں کو گذشتہ شام جموں بس اڈے سے باز یاب کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ خواتین پولیس نے دونوں لڑکیوں کو بحفاظت بڈگام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد دونوں کو اپنے والدین کے حوالے کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔