عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں ضلع میں پولیس کی حراست میں ایک شخص کی پراسرار حالت میں موت کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ سٹیشن ہاو¿س آفیسر (ایس ایچ او) منسلک کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ حراستی موت کا واقعہ 31 جنوری 2024 کو پولیس تھانہ گاندھی نگر میں پیش آیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت ساحل سینی ولد رومیش سینی راو¿ نگری، کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے جسے 30 جنوری 2024 کو پولیس تھانہ گاندھی نگر، جموں میں آئی پی سی کی دفعہ 380، 457 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 20/2024 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ساحل سینی کو ایڈیشنل منصف کورٹ، جموں کے حکم کے مطابق 04 دن کے پولیس ریمانڈ پر تھا۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضلع پولیس جموں نے دو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور ایس ایچ او گاندھی نگر کو ضلع پولیس لائن سے منسلک کر دیا اور ضلع مجسٹریٹ جموں سے واقعہ کی مجسٹریٹ انکوائری شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری پروٹوکول کے مطابق، ملزم کی لاش کو جی ایم سی، بخشی نگر جموں منتقل کیا گیا اور موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے ڈاکٹروں کے بورڈ کی تشکیل کی درخواست کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس جموں عوام کی تشویش کو سمجھتی ہے اور قانون نافذ کرنے والی کارروائیوں میں احتساب اور شفافیت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر زور دیتی ہے۔