عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/جمعرات کو اننت ناگ کے بٹانگو علاقے میں آٹے کی مل کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم میں ایک ڈاکٹر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثے میں کریٹا کار زیررجسٹریشن نمبر JK01AJ0198جسے ڈاکٹر طارق بشیر ولد بشیر احمد ساکن چھانپورہ سرینگر چلا رہے تھے، اور ایک آلٹو K10 زیر رجسٹریشن نمبر JK03Q1297شامل تھی، جس کے ڈرائیور کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ تصادم اس وقت پیش آیا جب دونوں گاڑیاں مصروف بٹانگو سڑک سے گزر رہی تھیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ گاڑیوں میں سوار دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگ فوراً موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی شروع کی، بعد میں پولیس اور طبی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔