عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// ضلع رام بن میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گزشتہ شب پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 2 افراد لقمہ اجل بن گئے ہی۔
رام بن پولیس نے بتایا کہ گزشتہ شب ایک گاڑی ٹاٹا سومو زیر رجسٹریشن نمبر JK14-9874 قریب ساڑھے 12 بجے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ رام بن کے قریب سڑک سے لڑھک کر تقریباً 150 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پولیس تھانہ رام بن، سول کیو آر ٹی اور یو ٹی ڈی آر ایف جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثہ کا شکار گاڑی میں سفر کرنے والے دو افراد کو جائے حادثے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
متوفین کی شناخت حکم دین ولد عبدالرحمن عمر تقریباً 25 سال اور طارق احمد ولد عبدالرشید عمر قریب 32 سال سکنہ گاؤں دلوا، سنگلدان، گول ضلع رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حادثہ کا شکار گاڑی سنگلدان رام بن سے کشمیر کی جا رہی تھی، ڈرائیور تیز موڑ پر گاڑی کو قابو کرنے میں ناکام رہا اور گاڑی لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد کی موت ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ رام بن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 48/224 درج کیا گیا ہے۔