بڈگام مسلح تصادم: 2 جنگجو جاں بحق، آپریشن ہنوز جاری

بڈگام// وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے وتریبل علاقے میں بدھ کو جاری مسلح تصادم میں اب تک 2 جنگجو مارے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جاری تصادم میں مارے گئے جنگجووں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
کشمیر زون پولیس ن ے ایک ٹویٹ کر کے بتایا ، “بڈگام تصادم میں اب تک 2 جنگجو مارا گئے ہیں، مزید تفصیلات کا انتظار ہے”۔
قبل ازیں، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا، “عسکری تنظیم لشکر (ٹی آر ایف) نے لطیف راتھر سمیت تین جنگجووں کو سیکورٹی فورسز نے گھیر ے میں لے لیا ہے۔ لطیف کشمیری پنڈت راہل بھٹ اور امرین بھٹ سمیت متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث رہا ہے”۔
تفصیلات کے مطابق یہ تصادم بدھ کی صبح بڈگام کے وتریبل علاقے میں محاصرے اور تلاشی کاروائی کے دوران شروع ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر مہم شروع کی۔ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کی ٹیم علاقے میں پہنچی تو جنگجوں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے مسلح تصادم شروع ہوا۔